ریاض،14جولائی(ایجنسی) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز چھٹی پر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں اور انھوں نے اپنی عدم موجودگی میں ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کو امورِمملکت چلانے کی ذمے داری سونپی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے شاہ سلمان کی جمعرات کے روز بیرون ملک روانہ ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا ہے کہ
وہ کس ملک میں گئے ہیں اور کتنا عرصہ سعودی عرب سے باہر رہیں گے۔
شاہ سلمان نے اپریل 2015ء میں اپنے چھپن سالہ بھتیجے شہزادہ محمد بن نایف کو سعودی عرب کا ولی عہد مقرر کیا تھا اور اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی عہد بنایا تھا۔شہزادہ محمد بن نایف ملک کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ بھی ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان وزیر دفاع ہیں اور یہ دونوں شہزادے ہی مملکت کے بیشتر امور چلا رہے ہیں۔